اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے سیاسی شعبہ کے سربراہ خالد مشعل نے فلسطین کے اندر رہنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مبارک مسجد اقصی کے دفاع کی خاطر فوری طور پر حرکت میں آئیں تاکہ قبلہ اول کے خلاف یہودی آبادکاروں اور قابض اسرائیلی فوج کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے بات کرتے ہوئے خالد مشعل کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت علاقائی صورتحال سے فائدہ اٹھا کر مسجد اقصی پر اپنا تسلط مضبوط کرنے کے ایک منصوبے پر عمل کر رہی ہے، تاہم انہوں نے فلسطینی عوام، عالم عرب اور اسلامی دنیا
پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس اور بالخصوص مسجد اقصی کے حوالے سے پیش آنے والے واقعات پر چپ نہ سادھیں۔
خالد مشعل نے مزید کہا کہ فلسطین اپنے جائز حقوق کے دفاع کی خاطر مزاحمت کا حق استعمال کر رہے ہیں تاکہ اسرائیل کے معاندانہ عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔
اسرائیلی فوج کی نگرانی میں یہودی آبادکاروں کی تنظیموں کے حملوں میں حالیہ دنوں میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ دوسری جانب فلسطینوں کو اس بات کا خدشہ ہے کہ مبادہ کہیں یہ حملے مسجد اقصی کو زمانی اور مکانی لحاظ سے تقسیم کرنے کی یہودی سازش کا نکتہ آغاز نہ ثابت ہوں۔